ایک اچھے ورکر کی کیا خصوصیات ہیں؟
پاکستان میں ایک بہت بڑا مسئلہ نوکری کا ہے۔ اکثر لوگوں کو لگتا ہے کہ پاکستان میں نوکریاں نہیں ہیں۔ بالخصوص نوجوان یہ سوچتے ہیں کہ انہیں دفتروں میں نوکریاں نہیں ملتی۔ اگر نوکریاں ملتی ہیں تو سفارش کی بنیاد پر کسی اور کو مل جاتی ہیں۔ لیکن جب میں بڑے بڑے اداروں کے سربراہان سے ملا تو ان کا کہنا بالکل مختلف تھا۔ ان کے مطابق نوکریاں ہر وقت موجود ہیں لیکن انہیں قابل افراد نہیں مل رہے۔ کمپنیز کے مالکان کو اداروں کے سربراہان کو اچھے ورکرز نہیں ملتے۔ ورکرز کی کیا تعریف ہے؟ اچھا ورکر کون ہو سکتا ہے؟۔ جس کی تلاش میں کمپنیز بھی ہیں پیسے والے لوگ بھی ہیں۔ وائس چانسلر حضرات بھی اپنے سٹاف کے لیے اچھے ورکرز ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں۔ میرے خیال میں اچھے ورکر کی کچھ خصوصیات ہیں وہ میں آپ کو بتا دیتا ہوں۔
ایک اچھے ورکر کی خصوصیات |
اچھے ورکر کی نشانی ہے کہ سب سے پہلے آپ دیکھیں کہ کیا اس کے اندر شوق کی لہر موجود ہے۔ اگر اس کے اندر موجود ہے تو وہ ایک اچھے ورکر کی کوالٹی رکھتا ہے۔ اس کو کام کرنے کی لگن ہے تو وہ کام کر کے دکھائے گا اگر نہیں ہے تو وہ صرف وقت پاس کرے گا جو کہ بالکل فائدہ مند نہیں ہے۔ اگر اس کے پاس مہارت ہے اور کام کرنے کا شوق نہیں ہے تب بھی وہ فائدہ نہیں دے پائے گا۔ مظلومیت کا عنصر اس کے اندر زیادہ ہوگا۔ سستی اس کے اوپر حاوی ہو جائے گی اور وہ کام کو اچھے انداز سے نہیں کرے گا۔ ایسا ورکر صرف فرضی کاروائی کرے گا۔ یہ میرا ذاتی تجربہ ہے۔ میں یونیورسٹی سے بڑے پڑھے لکھے لوگوں کو بھی نکالنے پر مجبور ہوا۔ کیونکہ ان کے پاس تعلیم تو موجود تھی ان کے پاس ڈگریاں بھی موجود تھیں لیکن کام کرنے کا شوق نہیں تھا۔ جس کی وجہ سے وہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوئے اور بالاخر ہمیں نکالنا پڑا۔ اگر آپ کے ورکر میں شوق نہیں ہے تو اس کے اندر کچھ بھی نہیں۔
اس کے حوالے سے ایک شعر ہے
شوق اگر نہ ہو تیرا میری نماز کا امام
میرا قیام بھی حجاب میرا سجود بھی حجاب
اگر دفتری معاملات میں کسی کو شوق نہیں ہے تو اس کو بار بار دھکا دینا پڑے گا۔ وہ خود سے متحرک نہیں ہو پائے گا۔ ایسے شخص سے دفتر کے اوپر منفی اثرات پڑھتے ہیں وہ کسی قابل شخص کی سیٹ کے اوپر بیٹھ جاتا ہے اور پورے دفتری امور کے اوپر منفی طور پراثر انداز ہوتا رہتا ہے ۔
دوسری چیز جو ایک اچھے ورکر میں ہونی چاہیے وہ ہے شعور۔ اگر کسی کے اندر شوق موجود ہے تعلیم بھی اس کے پاس ہے اور صلاحیت بھی ہے لیکن شعور نہیں ہے تب بھی وہ ایک اچھا ورکر نہیں بن سکتا۔ شعور کا مطلب یہ ہے کہ ورکر اتنا سمجھدار ہو کہ اس کو معاملے کی تہہ سمجھ آ جائے۔ اگر وہ معاملہ فہم ہے تو وہ اپ کے لیے بہت مثبت ہے اگر وہ معاملہ فہم نہیں ہے تب بھی بہت سارے مسائل کا باعث بنے گا۔ شعور کا مطلب یہ بھی ہے کہ غیر روایتی انداز سے چیزوں کو دیکھے اور نئے نئے مسائل کے حل پیش کریں۔ شعور اس وقت کام آتا ہے جب دفتر میں چھوٹے چھوٹے غیر روایتی مسائل آتے ہیں یا نامعلوم مسائل آتے ہیں۔ اب اس کی خاطر اپنے روٹین کے معاملات کو خراب نہیں کیا جا سکتا تو اس وقت شعور کی اہمیت ہوتی ہے اور فوراً معاملات کو حل کیا جانا چاہیے اس کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
تیسری نشانی جو ایک اچھے ورکر کی ہونی چاہیے وہ شائستگی ہے۔ شائستگی کا مطلب ہے کہ وہ معاملات کو کتنے اچھے انداز سے کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ چھوٹے چھوٹے معاملات میں اپنی رائے کے اوپر قائم رہتا ہے ضد بازی کرتا ہے یا سب کے ساتھ مل کے چلتا ہے۔ میرے نزدیک شائستگی یہ ہے کہ وہ سب کے ساتھ مل کے چلنے کی صلاحیت رکھتا ہوں مسائل کو اپنے ذاتی انداز سے نہ دیکھے اجتماعی انداز سے حل کرنے کی کوشش کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں رہیں۔ اپنے ذاتی مفاد کو اجتماعی مفاد کے اوپر فوقیت نہ دیں۔
چوتھی چیز جو ایک اچھے ورکر میں ہونی چاہیے وہ اخلاقی اقدار ہیں۔ اخلاقی اقدار کا مطلب ہم عموماً یہ دیکھتے ہیں کہ نماز روزے کا پابند ہو شراب جوئے سے پرہیز کرتا ہو۔ یہ معاملات تو ضروری فریضہ ہیں اور بنیادی چیزیں ہیں۔ لیکن میرے نزدیک اخلاقی اقدار کے وسیع معنی ہیں۔ دفتروں کے معاملات میں، میں سمجھتا ہوں اخلاقیات یہ ہیں کہ آپ جب دفتر سے تنخواہ لے رہے ہیں تو آپ کام کو اچھے انداز سے کریں اپنے مالک یا سربراہ کے حکم کی پابندی کریں اور ادارے کا نقصان ہونے سے بچائیں جتنا ممکن ہو سکتا ہے۔ اس کے ادارے کے خرچے میں کمی لائیں اور اس کے مفاد کی حفاظت کریں۔ اس کی غیر موجودگی میں اس کے معاملات کو محفوظ بنائیں۔ اگر کوئی بھی ورکر یہ خصوصیات نہیں رکھتا تو وہ اچھی اقدار نہیں رکھتا۔ اگر کسی ورکر کی اچھی اخلاقی اقدار آپ نے دیکھنی ہے تو یہ دیکھیں کہ وہ خرچے کو بڑھا کر بیان تو نہیں کرتا۔ اگر ایک گھنٹے کا کام ہے اس کی خاطر پانچ گھنٹے تو خرچ نہیں کرتا۔ آپ کے معاملات کسی اور کو تو نہیں بتاتا ۔آپ کی خامیاں کسی کے اوپر واشگاف تو نہیں کرتا اور اگر ایسا کرتا ہے تو وہ اپ کے دفتر کے لیے بالکل مناسب نہیں ہے۔